شکستہ صراحی

شکستہ صراحی

تعارف:

شکستہ صراحی ایک قابل قدر استعارہ ہے کہ جس پر غور و فکر کرنا اہم ہے ۔ یہ نام مولانا روم کی بیان کردہ ایک تمثیل سے اخذ کیا گیا ہے:

ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ ایک سلطان نے اپنا خیمہ دریائے فرات کے رخ پر لگا دیا۔ اس علاقے کے لوگ سلطان سے بہت محبت کرتے تھے وہ ایسا شخص تھا کہ جس نے نہ صرف اس سر زمین بلکہ ان کے دلوں کو بھی فتح کر لیا تھا۔ ان کی خواہش تھی کہ یہ عظیم شخصیت انہیں پہچانے اور ان سے محبت کرے۔ یہی وجہ تھی کہ وہ اس کے پاس آتے اور اسے تحائف پیش کیا کرتے تھے۔

ایک ایسے ہی دن میں جب امرا ء سلطان کو بیش قیمت تحائف پیش کر رہے تھے ایک غریب شخص سلطان کے شایان شان تحفہ کی تلاش میں نکلا ۔ جب اسے کوئی قیمتی تحفہ نہ مل سکا تو اس نے اپنی شکستہ صراحی کو ٹھنڈے یخ پانی سے بھر ا اور سلطان سے ملاقات کے لیے چل پڑا۔ جلدہی اس کا سامنا ایک دیہاتی سے ہوا جس نے اس سے اس کی منزل کی بابت دریافت کیا اور جب اس غریب شخص نے جواب دیا تو اس دیہاتی نے تمسخر اڑاتے ہوئے کہا :‘‘کیا تمہیں نہیں معلوم کہ سلطان اس سرزمین کے پانی کا مالک ہے؟ تمہارے گائوں میں آنے والا پانی بھی اس کی ملکیت ہے سلطان کو تمہارے اس بچے کھچے پانی کی ضرورت نہیں۔’’

وہ غریب شخص شرم سے سرخ ہو گیا اور بولا :‘‘کیا فرق پڑتا ہے’’ایک سلطان کے لیے سب سےاہم نیک اخلاق ہیں جس طرح سے ایک غلام کے لیے غلامی کے اطوار اہم ہیں ۔ اگرچہ میرے پاس سلطان کے شایان شان کوئی تحفہ نہ بھی ہو تو پانی سے بھری یہ شکستہ صراحی اس کے لیے میرے دل میں موجود محبت کی غماز ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں جاکر اسے یہ پیش کروں گا۔’’(1)

اس غریب شخص کی مانند گولن بھی خود کو ایک غلام سمجھتے ہیں کہ جو اپنے عاجزانہ خطبات اپنے واحد تحفہ کے طور پر اللہ کے حضور اور دیگر لوگوں کے فائدہ کے لیے پیش کر رہے ہیں۔

ہمارے ہاتھوں میں بھی ایک شکستہ صراحی ہے اور ہمارا مقصد اسے سلطانوں کے سلطان ، اللہ تعالیٰ کے حضور پیش کرنا ہے ہماری خواہش ہے کہ ہم اس تحفے میں اپنے قارئین کو شریک کریں ۔ ایک ایسا تحفہ کہ جو ان تمام خوبصورتیوں پر مشتمل ہے کہ جو اللہ تعالیٰ نے ہمیں عنایت کی ہیں۔ ابتدا ء میں ہم چند ہی لوگ تھے کہ جن پر اللہ تعالیٰ نے اس چشمے سے سیراب ہونے کی رحمت عطا کی مگر ہم نے نہایت عاجزانہ انداز میں سوچا کہ اس شکستہ صراحی سے بہتے خطبات کو دوسروں کو بھی پیش کیا جائے تاکہ وہ بھی اپنی پیاس بجھا سکیں۔

علامتی انداز

شکستہ صراحی زندگی کے پانی کی علامت ہے ایک ایسا اکسیر پانی کہ جو انتہائی گہرائی میں واقع اور کمیاب ہے ، جس کی گہرائی کو ناپنا اور اسے حقیقی معنوں میں سمجھنا صرف اس کی دراڑوں سے بہتے پانی سے ہی ممکن ہے۔ اگرچہ یہ دراڑیں بہت معمولی ہیں مگر ان لوگوں کے لیے ایک قطرہ بھی بہت ہے کہ جو اپنا رستہ تلاش کرنا اور سچ کے چشمے تک پہنچنا چاہتے ہیں۔

اس شکستہ صراحی سے رستا ہوا پانی اس آئینے کی مانند ہے کہ جس میں ہمیں گولن کے دل و دماغ کے پنہاں خاکوں کا عکس ملتا ہے ۔ ان کے علم ، تقویٰ اور پرہیز گاری کے بارے میں معلوم ہوتا ہے پانی برکت اور کثرت کا استعارہ بھی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ درد اور تکلیف کی علامت بھی ہے یہ ایسے ہی ہے کہ جیسے ہر خطبہ کا ایک ایک لفظ مصنف کے آنسوئوں سے دھلا ہوا ہو اور ہمیں تقریباً وہ آہیں سنائی دیتی ہیں کہ جن سے درد، تکلیف ، محبت اور جذبات رس رہے ہیں۔

شکستہ صراحی محبت اور عاجزی کی علامت بھی ہے۔ ہم سب کے پاس سلطانوں کے سلطان کو پیش کرنے کے لیے ایک صراحی ہے جو شازونادر ہی صاف ستھری ہوتی ہے ، کچھ ٹوٹ چکی ہیں ، کچھ شکستہ حال ہیں اور کچھ گرد و غبار میں ملفوف ہیں اس کے باوجود اہم چیز صراحی کی حالت نہیں بلکہ اللہ کو تحفہ پیش کرنے کا عمل ہے کہ جو حقیقی معنوں میں اہمیت کا حامل ہے یہ اس رب کے در پر با ر بار دستک دینے کا عمل ہے باوجود اس کے کہ صراحی میں کیا ہےاور کتنا کم باقی رہ گیا ہے ۔ یہ اپنی کمزوری اور کم مائیگی کو سمجھنے کا عمل ہے ۔ زندگی میں حقیقی تحائف وہ ہیں کہ جو بہتے ہوئے آنسوؤں ، دل سے ادا کی جانے والی نمازوں اور جذبات سے بھر پور دعا کے لیے اٹھے ہوئے ہاتھوں میں پنہاں ہیں۔ زندگی کے اصل تحائف اس دعا میں پنہاں ہیں:اے اللہ ! ممکن ہے کہ میں ایک مرتبہ ، دو مرتبہ یا اتنی مرتبہ گرا ہوں کہ جس کا شمار بھی ممکن نہیں مگر میں دوگنا عاجزی کے ساتھ تیرے در پر جھکا ہوا ہوں کیونکہ میرے پاس کوئی اور گوشۂ عافیت اور پناہ گاہ موجود نہیں ہاں غلطیاں کرنا میری عادت ہے اور معاف کر دینا تیرا وصف ہے۔

(1)کہانی جاری رہتی ہے اور وہ غریب شخص سلطان کے حضور پہنچ جاتا ہے سلطان اپنے مرتبے اور مقام کے شایان شان شخصیت ہے اور وہ اس غریب شخص کی محبت کا جواب محبت اور انکساری سے دیتا ہے اور اس شخص کے رخصت ہونے سے قبل اپنے آدمیوں کو حکم دیتا ہے کہ اس شخص کے برتن کو طلائی سکوں سے بھر دیا جائے۔

Pin It
  • Created on .
حقِ اشاعت © 2025 فتح اللہ گولن کی ويب سائٹ. تمام حقوق محفوظ ہیں۔
fgulen.com یہ فتح اللہ گولن. کی سرکاری ويب سائٹ ہے۔